ریاض(نیوز ڈیسک) وزارت محنت و سماجی فروغ کے ترجمان خالد اباالخیل نے واضح کیا ہے کہ موبائل مارکیٹ کی صد فیصد مکمل سعودائزیشن کے فیصلے پر نظر ثانی نہیں کی گئی اور نہ کی جائیگی۔ وہ ان افواہوں پر تبصرہ کررہے تھے جن میں کہا جارہا ہے کہ وزارت محنت نے موبائل کی اصلاح و مرمت کی سعودائزیشن کے فیصلے سے پسپائی اختیار کرلی ہے اور سعودائزیشن کے دائرہ موبائل فروخت کرنے تک محدود کردیا گیا ہے۔ ابا الخیل نے پیر کو ٹوئٹر پر اپنے اکاؤنٹ میں تحریر کیا ہے کہ وزارت محنت ، وزارت داخلہ اور وزارت بلدیات و دیہی امور موبائل کی فروخت اور اصلاح و مرمت سے تعلق رکھنے والی جملہ سرگرمیوں کی صد فیصد سعودائزیشن کا فیصلہ نافذ کرانے کا تہیہ کئے ہوئے ہیں اس پر نہ نظر ثانی ہوئی ہے اور نہ اس سے کوئی پسپائی اختیار کی گئی ہے۔