جدہ(نیوز ڈیسک)کوآپریٹو ہیلتھ انشورنس کونسل نے سنگین خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آجانے پر 6میڈیکل انشورنس کمپنیوں کو معطل کردیا۔ ایک کمپنی پر جرمانہ عائد کرکے اسے نااہل قرار دے دیا گیا۔ المدینہ اخبار کے مطابق کونسل نے واضح کیا کہ جب تک کمپنیاں اصلاح حال نہیں کریں گی تب تک معطل رہیں گی۔ انہیں انشورنس کرانے والوں کو مطلوبہ شکل میں صحت نگہداشت کی سہولت فراہم کرنی ہوگی۔ کونسل نے انتباہ دیا کہ جس انشورنس کمپنی نے جس درجہ کی خلاف ورزی کی ہوگی اس کے خلاف اسی درجے کی تادیبی کارروائی بھی ہوگی۔ زیادہ بڑی خلاف ورزی پر کمپنی کو نااہل بھی قرار دیا جاسکتا ہے۔ ریکارڈ کے مطابق 26کمپنیاں میڈیکل انشورنس کی سہولت فراہم کررہی ہیں، 12.6ملین افراد میڈیکل انشورنس کرائے ہوئے ہیں، ان میں سے 8.8ملین غیرملکی اور 3.7ملین سعودی شہری ہیں۔ کونسل کے ترجمان یاسر المعرک نے بتایا کہ عام طور پر دیکھا یہ جارہا ہے کہ اگر کسی کمپنی کو معطل کیا جاتا ہے تو وہ پہلی فرصت میں اپنی پالیسی درست کرلیتی ہے اور مطلوبہ اصلاحات نافذ کردیتی ہے۔ انہوں نے انشورنس کے شعبے سے تعلق رکھنے والے تمام افراد کو مشورہ دیا کہ جب بھی کسی کو انشورنس اسکیم کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ پہلی فرصت میں 920001177پر رابطہ کرکے جواب حاصل کرسکتا ہے اور شکایت درج کرانی ہو تو وہ بھی کرسکتا ہے۔ کونسل کے ای گیٹ یا ٹوئٹر اور فیس بک CCHIKSA@سے بھی رجوع کیا جاسکتا ہے۔ کونسل میڈیکل انشورنس پیش کرنے والی کمپنیوں کی کارکردگی پر نظر رکھے ہوئے ہے۔