ریاض(نیوز ڈیسک) سعودی عرب کے مفتی اعلیٰ شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے سعودی عوام اور فرزندان اسلام کو اطمینان دلایا ہے کہ سعودی عرب محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ اس کے امن و امان کی حفاظت کرنے والے چاق و چوبند ہیں ۔ مفتی اعلیٰ نے اپیل کی کہ تمام لوگ والیان ریاست کے لئے دعائیں کریں اور مشکوک عناصر سے آگاہ کرنے کا اہتمام کریں۔ وہ پیر کو داعش کے 17دہشتگردوں کی گرفتاری کے حوالے سے جاری ہونے والے وزارت داخلہ کے بیان پر تبصرہ کررہے تھے ۔ مفتی اعلیٰ نے کہا کہ والیان ریاست کے حوالے سے ہمارا فرض ہے کہ ہم حتیٰ الامکان ان کی مدد کریں ۔ مشکوک عناصر کی بابت اطلاع دیں۔ دوسری جانب سربرآوردہ علماء بورڈ نے زور دے کر کہا کہ سیکیورٹی اہلکاروں پر حملے فساد فی الارض کے دائرے میں آتے ہیں۔ ان کا ہدف پوری امت ہوتی ہے، ان کی سزا عبرت ناک ہو جو ان کی بدی کی بیخ کنی اور ریاست کو ان سے پاک کرنے کی ضامن ہو۔