مملکت کے 4 علاقوں میں بارش کا امکان
گردوغبار کی وجہ سے شاہراہوں پر حد نگاہ متاثر ہونے کا امکان ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ مملکت کے4 علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا قوی امکان ہے ـ بعض مقامات پر گرد آلود ہوائیں چلنے سے شاہراہوں پر حد نگاہ بھی متاثر ہوسکتی ہے ـ
عاجل ویب نیوز نے موسمیات کے قومی مرکز کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ مملکت کے بالائی مقامات ، جازان ، اور عسیر ریجن کے متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے ـ
محکمہ کے مطابق ریاض کے علاقے الافلاج ، الخرج ، الدلم ، الرین ، القویعیہ ، حوطہ بنی تمیم ، السلیل ، وادی الدواسر ، الدوادمی اور عفیف جبکہ مکہ مکرمہ ریجن کے علاقے الخرمہ ، لمویہ ، تربہ اور رنیہ میں آج موسم غبار آلود رہے گا ـ
موسم کی خرابی کے باعث شاہراہوں پر گرد وغبار سے حدنگاہ متاثر ہوسکتی ہےـ
دوسری جانب ماہر موسمیات نزیہ الحیزان کا کہنا ہے کہ مملکت کے مغربی ، مشرقی اور وسطی علاقوں میں گرمی برقرار رہے گی جس میں بتدریج کمی واقع ہونے کا امکان ہے ـ
الحیزان کا مزید کہنا تھا کہ مملکت کے شمالی بالائی علاقے ، مدینہ منورہ ریجن ، حائل اور تبوک ریجن میں دوپہر کے بعد بادل چھا جائیں گے جس سے موسم میں خوشگوار تبدیلی کی توقع ہے