سعودی عرب میں کورونا کیسز میں کمی کا سلسلہ جاری، 44 نئے کیسز
سعودی عرب میں کورونا کیسز میں کمی کا سلسلہ جاری، 44 نئے کیسز
جمعرات 30 ستمبر 2021 17:17
ایک ہی دن میں 53 افراد کورونا سے شفایاب ہوئے (فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب میں کورونا کیسز میں کمی کا سلسلہ جاری ہے ـ گزشتہ 24 گھنٹے کے اندر 44 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے جبکہ ایک ہی دن میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 53 رہی ـ
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ نے وزارت صحت کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ اب تک مملکت کے مختلف ریجنز میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 47 ہزار 134 تک پہنچ گئی ہے ـ
نجران ریجن میں ویکسینیشن کا تناسب سب سے زیادہ رہا (فوٹو، ایس پی اے)
گزشتہ ایک روز میں کورونا سے 3 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد اب تک اس مہلک وائرس سے مجموعی طورپر 8 ہزار 716 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ـ
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت میں کورونا ویکسینیشن کا سلسلہ بھی جاری ہے ـ اعداد وشمار کے مطابق الباحہ ریجن میں ویکسینیشن کا تناسب سب سے زیادہ رہا جہاں 68.1 فیصد افراد کو ویکیسن لگائی جاچکی ہے ـ
نجران ریجن میں اب تک 50.4 افراد ویکسین لگاچکے ہیں ـ کورونا سے بچاو کے لیے وزارت صحت کی جانب سے مملکت کے تمام ریجنز میں ویکسینیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں شہریوں اور غیر ملکیوں کو مفت ویکسین لگانے کی سہولت فراہم کی جارہی ہےـ
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت کے مختلف ہسپتالوں میں 212 افراد کی حالت نازک ہے جنہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے ـ
احتیاطی تدابیر کے حوالے سے وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا سے بچاو کےلیے مقررہ ضوابط پرعمل کیاجائے تاکہ اس مہلک وائرس سے محفوظ رہا جاسکے ـ