ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں 15 دن کی توسیع کیسے ملے گی؟
ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں 15 دن کی توسیع کیسے ملے گی؟
جمعرات 30 ستمبر 2021 16:01
وسیم عباسی -اردو نیوز، اسلام آباد
ایف بی آر کے مطابق تمام ہارڈ شپ کیسز کے لیے ٹیکس گزار مدت میں توسیع کی درخواست دے سکتے ہیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ چند گھنٹے بعد یعنی 30 ستمبر کو ختم ہو رہی ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ایک بار پھر اعلان کیا ہے کہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں توسیع نہیں ہوگی تاہم وہ تمام افراد جو مقررہ وقت تک ریٹرن فائل نہیں کر سکے ایک انفرادی درخواست دے کر 15 دن تک کی توسیع حاصل کر سکتے ہیں۔
اردونیوز سے بات کرتے ہوئے ترجمان ایف بی آر اسد طاہر نے بتایا کہ کوئی بھی ٹیکس گزار اگر کسی جائز وجہ سے 30 ستمبر کی رات تک بھی ریٹرن فائل نہیں کر سکتا تو وہ مقررہ مدت کے دوران ہی ایک تحریری درخواست دے کر 15 دن تک کی تو سیع حاصل کر سکتا ہے۔
انفرادی توسیع کی درخواست کیسے دیں؟
ایف بی آر ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ تمام انفرادی ٹیکس گزار انکم ٹیکس کمشنر کو ایک تحریری درخواست آن لائن دے کر بھی بتا سکتے ہیں کہ وہ کسی مشکل کے باعث مقررہ وقت میں ریٹرن فائل نہیں کر سکے اور انہیں مزید توسیع دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں تمام ٹیکس کمشنر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سب درخواستوں پر غور کریں اور تعاون کریں۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے ٹیکس لا کے ماہر محمد جمال نے بتایا کہ ایف بی آر کے آن لائن پورٹل پر جا کر (ایڈجرنمنٹ) یعنی التوا کے آپشن پر کلک کریں اور ایک سے لیکر 15 دن تک توسیع کی درخواست دے دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ ٹیکس کمشنر عام طور پر ایسی درخواستوں کو منظور کر دیتے ہیں۔ یاد رہے کہ انکم ٹیکس کمشنرز کا اختیار ہے کہ ٹیکس ریٹرن کے لیے 15 روزکی مہلت دے سکتا ہے۔
ترجمان ایف بی آر کا کہنا ہے کہ تمام ٹیکس کمشنر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سب درخواستوں پر غور کریں اور تعاون کریں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
ایف بی آر کے مطابق تمام ہارڈ شپ کیسز کے لیے ٹیکس گزار مدت میں توسیع کی درخواست دے سکتے ہیں اور انکم ٹیکس کمشنر ٹیکس گزاروں کی مدت میں توسیع کی درخواستیں منظور کرسکتے ہیں۔ ہارڈ شپ کیس سے مراد وہ لوگ جو کسی بیماری، سفر یا کسی بھی وجہ سے مقررہ وقت تک گوشوارے جمع نہیں کروا سکے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری ایک اعلامیے کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی جب کہ ایسوسی ایشن آف پرسنز کے لیے بھی ٹیکس گوشوارےجمع کرانے کی تاریخ نہیں بڑھائی جائے گی۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ کمپنیوں کے لیے ھی ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ نہیں بڑھائی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایف بی آر آئی آر آئی ایس سسٹم کو آسان کر رہا ہے جب کہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے اور ریٹرن فائل کرنے کی مدت میں توسیع نہیں کی جائے گی۔