بینکاک.... بینکاک کے نواحی علاقے میں ایک فوڈ مارکیٹ کے قریب ایک سنگدل خاتون نے اپنے بیٹے کو اس بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا کہ دیکھنے والے بھی حیران رہ گئے اور لوگوں نے اس موقع کی وڈیو بھی اتار کر جاری کردی۔ وڈیو فوٹیج سے پتہ چلتا ہے کہ سنگدل ماں نے بیٹے کی چیخ پکار کی پروا نہ کرتے ہوئے اسے پلاسٹک کے موٹے رسے سے باندھا اور زدوکوب بھی کیا۔ بیچارہ ننھا بچہ اتنے مظالم کی تاب نہ لاتے ہوئے بیحد پریشان ہوگیا اور ا سکے لئے سانس لینا بھی دو بھر ہورہا تھا ۔ مقامی پولیس کارپورل رنگسان نگسام کاکہناہے کہ یہ ماں یقینی طور پر انتہائی کینہ توز رہی ہوگی تاہم پولیس اہلکار اسے تلاش کررہے ہیں۔ عورت جس طرح اپنے بچے کے ساتھ پیش آرہی تھی وہ تنبیہ یا تربیت نہیں ہوسکتی ۔ اس سے عورت کے انتہائی بے رحم اور سنگدل ہونے کے ساتھ برے اور ناپسندیدہ قسم کے خیالات کی حامل ہونے کا پتہ چلتا ہے۔ وڈیو میں نظرآنے والی خاتون تشدد کے دوران بری طرح چیخ بھی رہی تھی اور فوڈ مارکیٹ میں آئے لوگ اسے حیرت سے دیکھ رہے تھے۔ انہی میں سے کسی نے وڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر جاری کردی۔ بچے کو موٹے پلاسٹک کے رسے سے ایک ریلنگ سے باندھا گیا تھا اور وہ رسہ اس کے سر ، بازو اور پیٹھ سے اتنی سختی سے بندھا ہوا تھا کہ اس سے نشانات ابھر آئے تھے۔ ہولناک واقعہ کی وڈیو اجراءکے کچھ دیر بعد 20لاکھ سے زیادہ مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔ خاتون کی حرکت پر مشتعل ہونے والے تھائی حکام نے آن لائن پر اس واقعہ کی پوری تفصیل اور تصاویر جاری کردی ہیں اور لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اس خاتون کی تلاش میں حکام کی مدد کریں۔