Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
بدھ ، 11 جون ، 2025 | Wednesday , June   11, 2025
بدھ ، 11 جون ، 2025 | Wednesday , June   11, 2025

افغانستان میں ڈرون حملے میں داعش کے ’منصوبہ ساز‘ کو نشانہ بنایا: پینٹاگون

امریکی فوج نے کہا ہے کہ داعش کے ’منصوبہ ساز‘ کو نشانہ بنانے کے لیے مشرقی افغانستان میں ڈرون حملہ کیا گیا ہے۔
خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق امریکہ نے داعش سے تعلق رکھنے والے ’منصوبہ ساز‘ کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا۔ 
امریکی سینٹرل کمانڈ کے کیپٹن بل اربن نے ڈرون حملے کے بعد بتایا کہ ’ابتدائی شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ ہم نے ہدف کو ہلاک کر دیا ہے۔‘ تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ ہدف کا تعلق کابل ایئرپورٹ پر حملوں سے تھا۔ 
روئٹرز کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ڈرون حملہ داعش کے عسکریت پسند پر کیا گیا جو مستقبل میں حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
عہدیدار کے مطابق مشرق وسطیٰ سے اڑنے والے ڈرون نے داعش کے عسکریت پسند کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اپنے دوست کے ساتھ کار میں تھا۔ ’دونوں کی ہلاکت کا یقین کیا جا رہا ہے۔‘
صدر بائیڈن نے جمعرات کو کہا تھا کہ کابل دھماکوں کے ذمہ داروں کو تلاش کر کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے پینٹاگون کو حملے کے منصوبہ سازوں کو ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔
کابل ایئرپورٹ پر خودکش بم دھماکے میں 13 امریکی فوجیوں کے علاوہ 70 سے زائد افغان شہری ہلاک ہو گئے تھے۔ 
دوسری جانب امریکہ نے اپنے شہریوں کو کابل ایئرپورٹ کے گیٹس سے دور رہنے کے لیے وارننگ جاری کی ہے۔

امریکی صدر نے پینٹاگون کو کابل حملے کے منصوبہ سازوں کو ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی

سنیچر کو کابل ایئرپورٹ کے علاقے میں نئے حملوں سے خبردار کرتے ہوئے حکام نے امریکی شہریوں سے کہا ہے کہ وہ ہوائی اڈے کے مرکزی دروازے سے فوری طور پر دور چلے جائیں۔
امریکی حکام کے مطابق اس وقت بھی پانچ ہزار افراد کابل ایئرپورٹ کے راستے افغانستان سے باہر نکلنے کے لیے انتظار میں ہیں۔
افغانستان سے امریکی انخلا کے لیے معاہدے کے مطابق 31 اگست کی ڈیڈلائن مقرر ہے۔

شیئر: