سعودی عرب میں کورونا ویکسین کی 3 کروڑ 40 لاکھ سے زیادہ خوراکیں
تمام شہروں میں ویکسین بڑے پیمانے پر فراہم کی جارہی ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق مملکت میں کورونا ویکسین کی 3 کروڑ 40 لاکھ سے زیادہ خوراکیں دی گئی ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت صحت نے بیان میں کہا کہ’ اب تک 21.3 ملین افراد کو پہلی خوراک اور 12.5 ملین کو دوسری خوراک دی جاچکی ہے جبکہ 1.56 ملین خوراکیں بزرگوں کو دی گئی ہیں‘۔
وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3 لاکھ 34 ہزار سے زیادہ نئی خوراکیں مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو دی گئی ہیں‘۔
یاد رہے کہ وزارت صحت نے کورونا ویکسین کا پہلا مرحلہ 17 دسمبر 2020 کو شروع کیا تھا جبکہ دوسرے مرحلے کا آغاز 18 فروری 2021 کو شروع ہوا ہے۔
موجودہ مرحلے کے دوران مملکت میں 55۷ ویکسین سینٹر کے ذریعے بڑے پیمانے پر فراہم کی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں اتوار 22 اگست کو کورونا کے 400 سے کم نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ فعال کیسز کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 384 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 737 افراد صحت یاب بھی ہوئے۔‘
اب تک پانچ لاکھ 41 ہزار 994 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں سے پانچ لاکھ 28 ہزار 636 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔