مکہ مکرمہ میں 23 دکانوں کے لائسنس منسوخ
مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے تفتیشی دورے کے دوران 23 دکانوں کے لائسنس منسوخ کردیئے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق نکاسہ اور مسفلہ بلدیہ نے مذکورہ دکانوں کے اجازت نامے ضابطے کی کارروائی مکمل نہ کرنے کی بنا پر منسوخ کئے ہیں۔
میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’نکاسہ اور مسفلہ بلدیہ نے تفتیشی دورے کے دوران ایسی 23 دکانوں کا سراغ لگایا ہے کہ جن کے پاس اجازت نامے تو موجود ہیں مگر ضابطے کی کارروائی مکمل نہیں ہے‘۔
’تفتیشی اہلکاروں نے دکانوں کے مالکان کو ناقص دستاویزات جمع کرانے کے لیے متعدد مرتبہ نوٹس جاری کئے ہیں‘۔
’تاہم مالکان کی طرف سے لاپروائی برتی گئی جس کے باعث بلدیہ نے اجازت نامے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘۔
بلدیہ نے دکانداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اجازت ناموں کے اجرا کے لیے تمام دستاویزات اور ضابطے کی کارروائی کی تکمیل کریں۔