Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
منگل ، 10 جون ، 2025 | Tuesday , June   10, 2025
منگل ، 10 جون ، 2025 | Tuesday , June   10, 2025

لاہور میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، تین افغان شدت پسند ہلاک

سی ٹی ڈی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مارے گئے تینوں مبینہ دہشت گردوں کا تعلق افغانستان سے تھا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت میں سکیورٹی اداروں اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں نے ایک کارروائی میں تین مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
اتوار کو سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری کیے گیے بیان کے مطابق ’لاہور میں دہشت گردی کا ایک منصوبہ ناکام بنایا گیا ہے اور اس دوران تین دہشت گردوں احسان اللہ، نعمت اللہ اور عبدالسلام کو ہلاک کیا گیا۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ مارے گئے تینوں مبینہ دہشت گردوں کا تعلق افغانستان سے تھا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق مبینہ دہشت گرد لاہور کے علاقے فیروز والہ میں گلشنِ بابر آبادی میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھے۔
محکمہ انسداد دہشت گردی کے بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ’مارے جانے والے افراد محرم کے جلوسوں، اہم مذہبی و سیاسی شخصیات اور سکیورٹی محکموں کی حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔‘
خیال رہے کہ لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں 23 جون کو ایک دھماکے سے تین افراد ہلاک جبکہ 21 زخمی ہوئے تھے۔
دھماکے کی تحقیقات کے بعد پاکستان نے اعلیٰ سطح پر اس کے پیچھے انڈیا کے خفیہ ادارے کا ہاتھ بتایا تھا۔
پاکستان میں حکام نے کہا تھا کہ دہشت گردوں کے مقامی سہولت کاروں کو گرفتار کرنے کے بعد پڑوسی ملک کے ملوث ہونے کا ثبوت ملا۔

شیئر: