متحدہ عرب امارات نے پاکستان اور انڈیا سمیت چھ ممالک سے آنے والی پروازوں کے داخلے کی مشروط اجازت دی تو پاکستانی مسافروں کے لیے ایک ’نئی بندش‘ سامنے آگئی۔
جمعے کے روز پاکستان کے مختلف ایئر پورٹس سے امارات جانے والے مسافروں کو ’کورونا ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ‘ نہ ہونے کے باعث بورڈنگ پاس جاری کرنے سے انکار کر دیا گیا۔
اماراتی حکام کی متحدہ عرب امارات میں رہائشی اجازت نامہ رکھنے والے مسافروں سے 48 گھنٹے قبل کورونا پی سی آر ٹیسٹ اور کورونا ویکسنیشن سرٹیفیکیٹ کی شرط عائد کی گئی تھی۔ مسافروں کو سفر سے قبل فیڈرل اتھارٹی اینڈ سیٹزن شپ سے منظوری حاصل کرنے کی بھی شرط عائد کی گئی ہے۔
تاہم جمعے کو مسافروں کو پرواز سے چند گھنٹے قبل ’کورونا ریپڈ پی سی آر‘ ٹیسٹ کرانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی تاہم پاکستان میں حکام کے مطابق ’کورونا ریپڈ پی سی آر‘ ٹیسٹ کی سہولت کی موجود نہیں۔
مزید پڑھیں
-
فلائی دبئی نے پاکستان سے پروازیں معطل کر دیںNode ID: 589016
پاکستان میں ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے ایئر لائنز نے امارات جانے والے مسافروں کے لیے پروازیں معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ صرف ٹرانزٹ پروازیں ہی چلائی جارہی ہیں۔
خیال رہے کہ یہ شرائط صرف امارات جانے والے مسافروں پر عائد کی گئی ہے۔
کراچی ایئر پورٹ سے دبئی جانے والے محمد دانیال نے اردو نیوز کو بتایا ’ایئر لائنز کی جانب سے گذشتہ رات بتایا گیا کہ ’ریپڈ پی سی آر‘ ٹیسٹ سفر سے چار گھنٹے قبل کروانا ضروری ہے جس کے لیے ایئر لائنز سے منظور شدہ لیبز پر ٹیسٹ کروانے گئے تو بتایا گیا کہ ’ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ‘ کی سہولت پاکستان میں موجود نہیں ہے، ’ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ‘ ہی کیا جائے گا تاہم صبح جب ایئر پورٹ پر پہنچے تو بورڈنگ پاس جاری کرنے سے روک دیا گیا اور پرواز امارات جانے والی تمام مسافروں کو چھوڑ کر ٹرانزٹ مسافروں کو لے کر روانہ ہوگئیں۔‘












