سکول کھولنے کا فیصلہ، ’لازمی مضامین میں پانچ فیصد اضافی نمبر‘
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے (فوٹو: پی آئی ڈی)
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ’سندھ کے علاوہ تمام صوبوں میں پچاس فیصد حاضری کے ساتھ سکول کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘
بدھ کو اسلام آباد میں وزرائے تعلیم کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ان کا مزید کہنا تھا کہ امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
شفقت محمود نے سندھ کے تعلیمی اداروں کے حوالے سے بتایا کہ وہاں تعلیمی ادارے آٹھ اگست بند ہیں تاہم وہاں کے لیے بھی نیا امتحانی شیڈول آ جائے گا۔
امتحانات کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعتوں کا امتحان صرف اختیاری مضامین کا ہو گا جبکہ لازمی مضامین میں پانچ فیصد اضافی نمبر دیے جائیں گے۔‘
انہوں نے لازمی مضامین میں اضافی نمبر دیے جانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’ریسرچ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ لازمی مضامین میں طلبا و طالبات کے نمبرز زیادہ آتے ہیں۔‘
شفقت محمود نے بتایا کہ ’ملک بھر کی جامعات میں طلبہ و اساتذہ کی 31 اگست تک ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔‘
شفقت محمود کے مطابق ’ہماری کوشش ہے کہ طلبہ کی صحت اور تعلیم دونوں کا خیال رکھا جائے۔‘
انہوں نے طلبا و طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ سکولوں کے حوالے سے افواہوں پر کان نہ دھریں۔
بقول ان کے ’سوشل میڈیا پر بے سروپا باتیں چل پڑی ہیں، حکومتی اعلان کا انتظار کیا کریں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پتہ نہیں کورونا کا سلسلہ کب تک چلے ہم نے تعلیم کے سلسلے کو قائم رکھنا ہے۔
شفقت محمود نے یہ بھی بتایا کہ این سی او سی کے ساتھ اگلا اجلاس 25 اگست کو ہو گا، جس میں صورت حال کا جائزہ لے کر مزید فیصلے کیے جائیں گے۔