شاہ محمود قریشی 28 جولائی سے بحرین کا دو روزہ دورہ کریں گے
منگل 27 جولائی 2021 21:53
وزیراعظم عمران خان نے 2019 میں بحرین کا دورہ کیا تھا۔ (فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر)
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 28 اور 29 جولائی کو بحرین کا دورہ کریں گے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی بحرین کی قیادت سے ملاقات کریں گے۔
شاہ محمود قریشی وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے بھی ملاقات کریں گے اور ان سے دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کے لیے طریقہ ہائے کار کے علاوہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
دورے کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پاکستان بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) کے دوسرے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
وزیر خارجہ کے ہمراہ اعلی حکام پر مشتمل وفد بھی ہوگا۔ پاکستان بحرین جےایم سی کا افتتاحی اجلاس 5 تا 6 فروری 2017 کو اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا۔
وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق ’جے ایم سی کے موقع پر دونوں اطراف ماہرین کی سطح پر بات چیت کریں گی جس میں خاص طورپر کامرس، سرمایہ کاری، توانائی، بیرون ملک ملازمت، زراعت، اطلاعات ونشریات، سیاحت سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر شعبہ جات میں تعاون پر توجہ مرکوز ہوگی۔‘
پاکستان اور بحرین میں مشترک عقیدے اور اقدار کی بنیاد پر گہرے اور قریبی برادارانہ تعلقات استوار ہیں۔ بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ کی دعوت پر دسمبر 2019 میں وزیراعظم عمران خان کے بحرین کے دورے کے بعد سے بحرین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات نئی بلندیوں کی طرف گامزن ہیں۔ اس دورے کے دوران وزیراعظم کو ’کنگ حمد آرڈر آف رینا ئیسنس‘ کا بحرین کا اعلی ترین اعزاز بھی عطا کیا گیا تھا۔
پاکستان اور بحرین باہمی مفاد میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کاربند ہیں۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا دورہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کی مثبت رفتار کو مزید مہمیز دینے میں ممدومعاون ثابت ہوگا۔