قومی احتساب بیورو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر خزانہ شوکت ترین کا یہ بیان کہ ’نیب کی وجہ سے بیوروکریسی کام نہیں کر رہی‘ بے بنیاد، من گھڑت اور حقائق کے منافی ہے۔
بدھ کی رات نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ شوکت ترین نے منگل کو کہا تھا کہ ’نیب کی وجہ سے بیوروکریسی کام نہیں کر رہی۔‘
نیب کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ ’اس کے پاس اس وقت 1273 ریفرنسز احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں جن کی مالیت تقریباً 1300 ارب روپے ہے۔‘
مزید پڑھیں
-
حکومت اور اپوزیشن میں کون کون نیب کیسز کا سامنا کر رہا ہے؟Node ID: 528581
-
جرم ثابت ہوئے بغیر نیب کیسز میں طویل حراست سزا سے قبل سزا ہے؟Node ID: 576841
’ان میں سے بیوروکریسی کے خلاف مقدمات نہ ہونے کے برابر ہیں مگر اس کے باوجود تواتر کے ساتھ نیب کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے جس کا مقصد نیب پر الزام تراشی اور بیوروکریسی کی حوصلہ شکنی کرنا مقصود ہے۔‘
نیب کے مطابق ’بیوروکریسی کسی بھی ملک کے یئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ قومی احتساب بیورو بیوروکریسی کا نہ صرف احترام کرتا ہے بلکہ اس کی خدمات کو قدر کی نگا ہ سے دیکھتا ہے۔‘
’نیب کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال اعلٰی عدلیہ سمیت ملک کے مختلف اداروں میں اہم ذمہ داریاں سر انجام دے چکے ہیں، اس لیے وہ بیوروکریسی کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔‘
انہوں نے 2017 میں قومی احتساب بیورو کے چیئرمین کے منصب کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد کابینہ ڈویژن اسلام آباد میں وفاقی سیکرٹریز، لاہور میں صوبائی سیکرٹریز سے خطاب کیا۔‘
