عید الاضحی کی نماز عید گاہوں میں بھی ادا کی جائے گی
نماز کے لیے کھلے اور بند مقامات کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔( فائل فوٹو اے پی)
سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور و دعوت رہنمائی کے وزیر شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے عید الاضحی کی نماز کے لیے کھلے اور بند مقامات کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔
اس سال عید کی نماز چھوٹی بڑی مساجد کے علاوہ کھلی عید گاہوں میں بھی ادا کی جائے گی۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی وزیر کا کہنا ہے کہ ’عید الاضحی کی نماز کے موقع پر کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر اختیار کی جائیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’عید الاضحی کی نماز سورج نکلنے کے ٹھیک پندرہ منٹ بعد مملکت کے تمام علاقوں میں ادا کرنے کا اہتمام کیا جائے‘۔
انہو ں نے ہدایت کی کہ ’سب لوگ منظور شدہ صحت تدابیر کی پابندی کریں۔ اصلاح و مرمت پر مامور ٹیمیں چھوٹی بڑی تمام مساجد کا گہرائی سے جائزہ لیں۔ نماز صرف ایسی جگہوں پر ہی ہوگی جہاں تیاریاں مکمل ہوں گی اور حفاظتی انتظامات کا بھرپوراہتمام کیا گیا ہوگا‘۔