چوبیس گھنٹے میں کورونا کے ایک ہزار 148 نئے مریض
چار لاکھ 91 ہزار 612 افراد میں کورونا کی تصدیق ہو چکی ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں سنیچر تین جولائی کو کورونا کے ایک ہزار سے زیادہ -نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ ایکٹیو کیسز بارہ ہزار سے زیادہ ہوگئے۔
سنیچر کو سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ایک ہزار 148 نئے مریض سامنے آئے جبکہ ایک ہزار 222 افراد صحت یاب بھی ہوئے۔‘
وزرات صحت کے مطابق ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 15 مریض چل بسے، جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر سات ہزار 863 ہو گئی ہے۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 12 ہزار 119 ہو گئی ہے، جن میں سے ایک ہزار 364 مریضوں کی حالت نازک ہے جو انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں زیرعلاج ہیں۔‘
وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ’سب سے زیادہ مریض شرقیہ ریجن میں سامنے آئے، جن کی تعداد 314 ہے جبکہ ریاض ریجن میں 219 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔‘
مکہ ریجن میں 265، عسیر ریجن میں 137، القصیم ریجن میں 14، مدینہ ریجن میں 45، جازان ریجن میں 62، الحدود الشمالیہ میں 17 ، الباحہ ریجن میں 9، تبوک ریجن میں 19، نجران ریجن میں 16، حائل ریجن میں 28 جبکہ الجوف ریجن میں 6 مریض سامنے آئے ہیں۔
اب تک چار لاکھ 91 ہزار 612 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے چار لاکھ 71 ہزار 550 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’کورونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے، جن میں سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے۔‘