سپیڈی ٹرائل، راولپنڈی میں خاتون سے پرس چھیننے والے کو ایک سال قید کی سزا
جمعرات 1 جولائی 2021 15:01
راولپنڈی میں خاتون ٹیچر سے پرس چھیننے کے مقدمے میں سپیڈی ٹرائل مکمل کرتے ہوئے مقامی عدالت نے ملزم انیس اقبال کو ایک سال قید سخت اور 30 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم نے عدالت میں خاتون سے پرس چھیننے کا اقبال جرم کیا تھا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ جرمانے کی عدم ادائیگی پر ملزم کو مزید دو ماہ قید کاٹنا ہوگی۔
ملزم کے خلاف مقدمے کی سماعت سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ سردار عمر حسن خان نے کی۔ ملزم انیس اقبال کا سپیڈی ٹرائل کیا گیا۔
تھانہ ریس کورس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر ندیم عباس نے اردو نیوز کے نامہ نگار اے وحید مراد سے بات کرتے ہوئے ملزم انیس اقبال کو سزا کی تصدیق کی جبکہ مقدمے کے مدعی محمد جنید نے اردو نیوز کو بتایا کہ ان کو چھینی گئی اشیا ابھی سپرداری پر ملنا باقی ہیں۔
یاد رہے کہ راولپنڈی کے علاقے ریس کورس میں بدھ 23 جون کو ایک موٹر سائیکل سوار نے راہ چلتی خاتون کو برقعے سے کھینچ کر گرا دیا تھا۔
واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس نے نامعلوم موٹر سائیکل سوار کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔
راولپنڈی پولیس نے ملزم کو جمعے کے روز گرفتار کیا تھا جس کے بعد جسمانی ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا گیا۔
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں دیکھا گیا کہ ایک خاتون گلی سے گزر رہی ہیں اور پیچھے سے آنے والے ایک موٹر سائیکل سوار نے پرس چھیننے کی کوشش میں خاتون کو برقعے سے کھینچ کر زمین پر گرا دیا اور تیزی سے موٹر سائیکل بھگا کر لے گیا۔
تھانہ ریس کورس میں لڑکی کے بھائی محمد جنید کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق ’ یہ واقعہ 23 جون صبح ساڑھے سات بجے کا تھا، جب وہ خاتون سکول جا رہی تھیں۔‘