برانڈڈ مصنوعات میں جعلسازی کرنے والے گودام پر چھاپہ
برانڈڈ مصنوعات میں جعلسازی کرنے والے گودام پر چھاپہ
ہفتہ 26 جون 2021 10:39
’فیکٹری میں ناقص مصنوعات کی پیکنگ کے ساتھ دیگر غیر معیاری اشیا کی پیکنگ کی جا رہی تھی‘ ( فوٹو: العربیہ)
سعودی وزارت تجارت کی تفتیشی ٹیموں نے ریاض میں خفیہ اطلاع پر ایک عمارت پر چھاپہ مارا جہاں برانڈڈ منصوعات کی جعلسازی اور مختلف تجارتی اشیا میں ملاوٹ کی جا رہی تھی۔
العربیہ نیٹ کے مطابق یہ جعلی کارخانہ ایک شامی اور ایک مصری تارکین مل کر چلا رہے تھے۔ اس فیکٹری کی ڈیڑھ ماہ سے نگرانی کی جا رہی تھی۔
جمعہ کے روز مانیٹرنگ اور تفتیشی کارروائی کے بعد ریاض ریجن پولیس کے تعاون سے فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا ہے۔ اس موقع پر گودام میں موجود ملاوٹ شدہ مواد اور ناقص مٹیریل کی بڑی مقدار بھی ضبط کی گئی۔
فیکٹری میں ناقص اور غیر معیاری مصنوعات کی پیکنگ کے ساتھ لوگوں کو دھوکہ دینے کے لیے دیگر غیر معیاری اشیا کی پیکنگ کی جا رہی تھی۔
وزارت تجارت نے خلاف ورزی کرنے والے گودام کو بند کر دیا ہے اور اس میں ملوث افراد کو انسداد تجارتی دھوکہ دہی کے نظام کے تحت گرفتار کیا ہے۔
’فکٹری میں کام کرنے والے افراد کو انسداد تجارتی دھوکہ دہی کے تحت گرفتار کرلیا گیا ہے‘ ( فوٹو: العربیہ)
فیکٹری کے ملازمین غیرمعیاری مصنوعات کو جعلی ٹریڈ مارک والے پیکنگ میں پیک کرتے رہے ہیں اور ان پر معیاری سامان کا لیبل لگایا جاتا ہے۔
مانیٹرنگ ٹیموں کو اس گودام سے ملاوٹ شدہ دولاکھ پیکٹ ملے جنہیں قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ غیر معیاری ماسک کا دھندہ بھی جاری تھا۔ گودام میں غیرمعیاری نوعیت کے 4430000 ماسک بھی قبضے میں لیے گئے۔