Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

گھوٹکی ٹرین حادثے پر شاہ سلمان اور ولی عہد کی تعزیت

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پیر کو دو ٹرینوں کے تصادم پر ہونے والی ہلاکتوں پر پاکستان کے صدر عارف علوی کو تعزیتی پیغامات بھیجے ہیں۔
ریلوے حکام کے مطابق دونوں ٹرینوں پر تقریباً 11 سو مسافر سوار تھے جب کراچی سے 420 کلومیٹر دور گھوٹکی کے قریب ان کا تصادم ہوا۔
ڈی سی او سکھر ریلوے ڈویژن کے مطابق اب تک ہلاکتوں کی تعداد 56 ہو چکی ہے اور کم از کم 100 افراد زخمی ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی نے منگل کو کہا ہے کہ ’شاہ سلمان نے صدر اور ہلاک ہونے والوں کے اہلخانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔‘
ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی اظہار تعزیت کیا ہے۔
اس حادثے پر گذشتہ روز سعودی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور پاکستان، قیادت، حکومت اور عوام کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔‘
حادثے کے حوالے سے وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کا ٹوئٹر پر کہنا تھا کہ حکام اس تصادم کی وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں لیکن یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ یہ حادثہ ’تخریب کاری کی وجہ سے تھا یا ٹرین کی پٹری کی خستہ حالت کی وجہ سے۔‘
وزارت ریلوے کا کہنا ہے کہ اس نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں اور زخمیوں کی حتمی فہرست تیار کر لی ہے جسے جلد ہی جاری کر دیا جائے گا۔

شیئر: