منگل کو کئی علاقے میں بارش اور گرد آلود ہواوں کی زد میں
سب سے کم درجہ حرارت 13 سینٹی گریڈ السودۃ میں رہے گا۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے منگل 8 جون کو مملکت بھر میں موسمی تبدیلیوں سے متعلق پیشگوئی جاری کی ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے کہ منگل کو مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ مکہ مکرمہ ریجن میں بالائی علاقوں کے جنوبی مقامات پر وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بیان میں قومی مرکز کا کہنا ہے کہ مشرقی ریجن، ریاض ریجن کے جنوبی علاقوں اور نجران میں گرد آلود تیز ہوائیں چلیں گی جن سے حد نظر محدود ہوجائے گی۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ منگل کو مملکت میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 46 سینٹی گریڈ مدینہ منورہ اور سب سے کم درجہ حرارت 13 سینٹی گریڈ السودۃ میں رہے گا۔
بیان کے مطابق بحیرہ احمر میں ہواؤں کا رخ شمال کی جانب سے مغرب کی جانب ہوگا ہواؤں کی رفتار 25 سے 45 کلو میٹر فی گھنٹے تک ہوگی جبکہ لہریں ڈھائی میٹر تک اونچی ہوں گی جبکہ خلیج عرب میں بھی ہواؤں کا رخ شمال سے مغرب کی جانب رہے گا البتہ ہواؤں کی فی گھنٹہ رفتار 16 تا 38 کلو میر ہوگی۔