امارات: کورونا کے 2 ہزار سے زائد کیسز کی تصدیق
ایک ہی دن میں 2 لاکھ 33 ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ کیے گئے(فوٹو، ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات میں گزشتہ 24 گھنٹے کے اندر کورونا کے 2 لاکھ 33 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں 2 ہزار62 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
امارات الیوم اخبار کے مطابق جمعہ 4 جون کو وزارت صحت کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کورونا سے گزشتہ 24 گھنٹے کے اندر دو افراد ہلاک ہوئے ۔ امارات میں کووڈ 19 وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1 ہزار 691 تک پہنچ گئی ہے۔
کورونا وائرس کے مزید مریضوں کی تصدیق کے بعد اب تک مجموعی مصدقہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 74 ہزار 958 ہوگئی جبکہ اس مہلک وائرس سے ایک ہی روز میں 2 ہزار35 افراد کی شفایابی کے بعد مجموعی صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 54 ہزار589 ہو گئی۔
اماراتی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا سے بچاو کے لیے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے مقررہ ضوابط کی پابندی سختی سے کی جائے تاکہ اس مرض پرجلد ازجلد قابو پایا جاسکے۔
کورونا احتیاطی تدابیر کے حوالے سے وزارت کی جانب سے عوامی مقامات پرماسک کے استعمال اور سماجی فاصلے کے اصول پرسختی سے عمل کرنے کی ہدایات کی جارہی ہیں۔