وزیراعظم عمران خان اور ولی عہد ابوظہبی میں رابطہ، تعلقات مضبوط بنانے کا عزم
بیان کے مطابق ’دونوں رہنماؤں نے قریبی برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم عمران خان اور ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زید النہیان نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پیر کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ٹیلی فون پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے مختلف عالمی فورمز پر متحدہ عرب امارات کی طرف سے پاکستان کی بھرپور حمایت اور تعاون کو سراہا۔
وزیراعظم نے افغانستان سے امریکی افواج کی واپسی اور سیاسی حل کے لیے افغان دھڑوں کی طرف سے پیشرفت کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے ویکسین کی تیاری اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تعاون کے فروغ کی کوششوں کا خیرمقدم کیا اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کے رابطوں کا فروغ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے قریبی برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔