جدہ.... محکمہ شہری ہوابازی نے فضائی کمپنیوں او رمسافروں کے حقوق و فرائض پر مشتمل لائحہ عمل جاری کردیا۔کسی بھی مسافر کے حقوق پامال کرنے پر فضائی کمپنی پر 50ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔ فضائی کمپنی پر مسافروں کے 7حقوق مقرر کئے گئے ہیں۔فضائی کمپنیوں کو متاثر مسافروں کاسو فیصد نقصان بھرنے کا پابند بنادیا گیا۔ فضائی کمپنی کو مسافر کے ٹکٹ کی قیمت، نقد، بینک ڈرافٹ یا کوپن کی صورت میں زیادہ سے زیادہ 10 دن کے اندرادا کرنا ہوگی۔پرواز کی منسوخی، متبادل نشستیں مہیا نہ کرنے ، سفر کے درجے میں کمی کومسافر کا نقصان شمار کیا جائیگا۔ خسارے کی تلافی کرنا ہوگی۔ معذوروں کو سفر سے روکنے پر ٹکٹ کی 200فیصد رقم ادا کرنا ہوگی۔ فضائی کمپنیوں پر یہ پابندی بھی عائد کی گئی ہے کہ اگر پرواز منسوخ کردی جائے تو ایسی صورت میں کمپنی تاخیر کے پہلے گھنٹے سے مسافروں کو مشروبات پیش کریگی۔لائحہ عمل میں یہ گنجائش بھی رکھی گئی ہے کہ فضائی کمپنی کسی پیشکش کے بدلے مسافروں کو سفر سے دستبردار ہونے کی اپیل کرسکتی ہے۔ اگر فضائی کمپنی نے روانگی کیلئے مقررہ وقت سے 6گھنٹے اندر متبادل پروازکا انتظام کردیا تو ایسی صورت میں مسافر معاوضے کاحقدار نہیں ہو گا۔ یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ پروازپر مسافر کا مطلوبہ درجہ مہیا نہ ہو اور اسے متبادل نشست فراہم کی جارہی ہو تو ایسی صورت میں مطلوبہ درجے اور مہیا کئے جانے والے درجے کے درمیان قیمت کا فرق ادا کیا جائیگا۔ اس کے علاوہ اسے 50فیصد معاوضہ بھی دیا جائیگا۔ اگر مسافر متبادل نشست پر آمادہ نہ ہو توایسی صورت میں پہلا معاہدہ منسوخ ہوجائیگا اور فضائی کمپنی کو اس کے ٹکٹ کی سو فیصد قیمت ادا کرنا ہوگی۔ کمپنی نے پرواز کی تاریخ سے 14دن قبل پرواز کی منسوخی کی اطلاع دیدی تو اسے ٹکٹ کی سو فیصد قیمت ادا کرنا ہوگی ۔ 14دن سے 24گھنٹے پہلے تک اطلاع دی گئی تو ایسی صورت میں فضائی کمپنی مسافر کو اختیار دیگی کہ وہ یا تو 24گھنٹے کے اندر دوسری پرواز سے سفر کرسکتا ہے یا اسے ٹکٹ کی پوری قیمت واپس کی جائیگی اور 50فیصد معاوضہ بھی دیا جائیگا۔