کورونا کے گیارہ سو سے زیادہ نئے کیسز، تیرہ اموات
کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد آٹھ ہزار 815 ہو گئی ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں چند دنوں سے کورونا کے نئے کیسز میں کمی کے بعد اضافہ ہوا ہے۔ سنیچر 22 مئی کو 1100 سے زیادہ نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ایک ہزار 142 نئے مریض سامنے آئے جبکہ ایک ہزار 89 افراد صحت یاب بھی ہوئے۔
وزرات صحت کے مطابق ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 13 مریض چل بسے، جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کرسات ہزار 237 ہو گئی ہے۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد آٹھ ہزار 815 ہو گئی ہے، جن میں سے ایک ہزار 329 مریضوں کی حالت نازک ہے جو انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں زیرعلاج ہیں۔‘
وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ’سب سے زیادہ مریض ریاض ریجن میں سامنے آئے، جن کی تعداد 336 ہے جبکہ مکہ ریجن میں 250 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔‘
شرقیہ ریجن میں 158،مدینہ ریجن میں 97، عسیر ریجن میں 60، جازان ریجن میں 59، القصیم ریجن میں 52، تبوک ریجن میں 37،حائل ریجن میں 32، نجران ریجن میں 26، الباحہ ریجن میں 19 ،الحدود الشمالیہ میں 11 جبکہ الجوف ریجن میں 6 مریض سامنے آئے ہیں۔
اب تک چار لاکھ 39 ہزار 847 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے چار لاکھ 23 ہزار 795 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’کورونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے، جن میں سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے۔‘