انڈیا سے آنے والی سعودی فیملی کا کنگ فہد میڈیکل سٹی میں علاج
’خاتون کے پھیپڑے شدید متاثر ہیں جبکہ سربراہ خاندان اور دو بچوں کی حالت مستحکم ہے‘ ( فوٹو: ٹوئٹر)
انڈیا سے آنے والے سعودی خاندان کا کنگ فہد میڈیکل سٹی میں علاج شروع کر دیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق کنگ فہد میڈیکل سٹی کے سربراہ ڈاکٹر فہد الغفیلی نے کہا ہے کہ ’انڈیا سے لائی جانے والی کورونا سے متاثر ہ فیملی کو وطن پہنچتے ہی طبی امداد کی فراہمی شروع کی گئی تھی‘۔
واضح رہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی ہدایت پر گزشتہ روز کورونا سے متاثرہ ایک سعودی فیملی کو کامیابی کے ساتھ انڈیا سے سعودی عرب لایا گیا ہے۔
سعودی وزارت دفاع کے ٹوئٹر پر بیان میں کہا گیا کہ ’وزارت دفاع ہیلتھ سروسز کے ائیر میڈیکل ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے سعودی فیملی کو انڈیا سے منتقل کیا ہے‘۔
کنگ فہد میڈیکل سٹی کے سربراہ ڈاکٹر فہد الغفیلی نے واضح کیا ہے کہ ’متاثرہ فیملی کو مناسب علاج کی فراہمی کے ساتھ تمام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا گیا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’مذکورہ فیملی میں خاتون کے پھیپھڑے شدید متاثر ہیں، انہیں ہسپتال کے مخصوص شعبے میں قرنطینہ کیا گیا ہے جبکہ سربراہ خاندان کے علاوہ دو بچوں کی حالت قدرے مستحکم ہے‘۔
’تمام افراد کو الگ الگ کمروں میں قرنطینہ کیا گیا ہے اور شدید احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے علاج جاری ہے‘۔