مملکت میں بدھ کو موسم کیسا رہے گا؟
بیشترعلاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی(فوٹو، ٹوئٹر)
محکمہ موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ بدھ 12 مئی کو مملکت کے متعدد علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ بعض مقامات پرژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
ویب نیوز اخبار 24 نے موسمیات کے قومی مرکز کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ نجران ، جازان ، عسیر اور الباحہ کے بلند مقامات پرکل بارش کا امکان ہے۔
بارش کا سلسلہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ تک بھی پھیل سکتا ہےجبکہ ریاض ، مشرقی ریجن ، القصیم اور شمالی حدود کے علاقوں میں بھی بارش ہونے کی توقع ہے ۔ متوقعہ بارش سے قبل بعض علاقے گردو غبار کی لپیٹ میں بھی رہیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مشرقی ریجن خاص کرحفرالباطن میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم طریف کمشنری رہے گا جہاں پارہ 17 ڈگری تک جائے گا۔
متوقع بارشوں کے حوالے سے شہری دفاع کا کہنا تھاکہ وہ افراد جو بارش والے علاقوں میں سفرکرتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
شہری دفاع کی جانب سے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ شاہراہوں پرایسے مقامات پرقیام کرنے سے گریز کیاجائے جو پانی کی گزرگاہیں ہیں جبکہ نشیبی مقامات پر سفرکرنے والے خصوصی احتیاط برتیں ۔