Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جمعے کو جدہ میں ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات بالخصوص عسکری اور دفاعی شعبوں میں تعاون اور ترقی کے مواقع سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جمعے کو جاری بیان کے مطابق آرمی چیف  اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات میں خطے میں قیام امن کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
 آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ’پاکستان سعودی عرب کی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور حرمین شریفین کے دفاع کے لیے پر عزم ہے۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی ولی عہد نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
اس سے قبل سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے جمعرات کو پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی۔
سعودی وزارت دفاع کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ شہزادہ خالد بن سلمان نے جدہ میں پاکستان کے آرمی چیف کا خیر مقدم کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں برادر ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات خصوصا دفاعی اور فوجی پہلووں کا جائزہ لیا گیا۔ 
 سیکیورٹی اور استحکام بر قرار رکھنے کے لیے مشترکہ تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ با ہمی دلچسپی کے امور بھی زیر بحث آۓ۔
ملاقات میں سعودی قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان بھی موجود تھے۔
نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے ٹویٹ کیا ’میں نے اپنے بھائی پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو دورہ سعودی عرب کے موقع پر خوش آمدید کہا ۔ہم نے دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعاون اور برادر ملک پاکستان کے سا تھ دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا‘۔
  علاوہ ازیں خطے کے امن واستحکام میں معاون امور سے تعلق رکھنے والے مشترکہ دلچسپی کے امور بھی زیر بحث آۓ۔

شیئر: