سعودی عرب ایک مرتبہ پھر انڈیا کو تیل برآمد کرنے والا دوسرا بڑا ملک
عراق انڈیا کو تیل فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ فوٹو اے ایف پی
سعودی عرب امریکہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک مرتبہ پھر انڈیا کو خام تیل برآمد کرنے والا دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سعودی عرب نے مارچ کے مہینے میں تیل سپلائی کرنے والے دوسرے بڑے ملک کی پوزیشن دوبارہ حاصل کر لی ہے۔ اس سے پہلے ایک مہینے کے لیے امریکہ خام تیل فراہم کرنے والا دوسرا بڑا ملک بن گیا تھا۔
حالیہ اعداد و شمار کے مطابق انڈیا کو تیل سپلائی کرنے والے ممالک میں متحدہ عرب امارات کے بعد امریکہ چوتھے نمبر پر ہے۔
جبکہ عراق تیل فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک رہا ہے۔
مارچ میں انڈیا نے یومیہ 4.39 ملین بیرل خام تیل درآمد کیا تھا، جو گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ ہے لیکن پچھلے سال کے مقابلے میں 0.5 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔
رواں مالی سال میں انڈیا کی تیل کی درآمدات میں چھ سال بعد اس قدر کمی آئی ہے جو 3.97 ملین بیرل کے برابر ہے۔
کورونا کی عالمی وبا کے بعد تیل کی طلب بے حد متاثر ہوئی ہے۔