نمازی کورونا میں مبتلا، 33 مساجد عارضی طور پر بند
گزشتہ 71 روز کے دوران 677 مساجد بند کی گئی ہیں۔(فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے آٹھ علاقوں میں نمازیوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے پر 33 مساجد عارضی طور پر بند کی ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق گزشتہ 71 روز کے دوران مملکت بھر میں 677 مساجد بند کی گئی ہیں۔ ان میں سے 628 کو سینیٹائزنگ اور حفظان صحت کے انتظامات مکمل ہونے پر بحال کردیا گیا۔
وزارت اسلامی امور نے پیر کو بیان میں کہا کہ بند کی جانے والی 33 مساجد میں سے 8 کا تعلق ریاض، 7 کا قصیم، 6 کا مکہ مکرمہ، 4 کا الشرقیہ، 3 ، 3 کا تعلق حدود شمالیہ اور جازان ریجن سے ہے۔
ایک، ایک مسجد مدینہ منورہ اور باحہ ریجن میں بند کی گئی ہے۔
وزارت اسلامی امور نے بیان میں کہا کہ پیر کو 18 مساجد بحال کی گئی ہیں۔ ان میں سے دس کا تعلق القصیم، دو، دو کا ریاض ، الشرقیہ اور جازان سے ہے جبکہ ایک، ایک مسجد حدود شمالیہ اور عسیر میں بحال کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی کے انسپکٹرز نے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کی نگرانی کے گیارہویں ہفتے کے دوران مملکت بھر میں 2 لاکھ 36 ہزار 576 تفتیشی دورے کیے ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت نے رپورٹ میں کہا کہ تفتیشی عمل کے دوران 143 خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئیں۔ جن کا تعلق ماسک نہ پہننے ، جائے نماز ہمراہ نہ لانے، سماجی فاصلہ برقرار نہ رکھنے، اوقات نماز کی پابندی نہ کرنے اور وزارت کے طے کردہ پروگرام کے مطابق مساجد کھولنے سے تھا۔
1711 مساجد میں کورونا ایس او پیز کی پابندی کے سلسلے میں لاپروائی پائی گئی ہے۔
وزارت اسلامی امور نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ مساجد میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کے سلسلے میں کوئی کمی دیکھیں تو پہلی فرصت میں 1933 پر مطلع کریں۔