’کوشش ہے آئندہ تعلیمی سال سکول اور کالج کھل جائیں‘
اس سال یونیورسٹیوں کے تمام امتحانات آن لائن ہوں گے( فوٹو سبق)
سعودی عرب میں وزارت تعلیم کے ترجمان طارق الاحمری نے کہا ہے کہ ’ وزارت کی بھرپور کوشش ہے کہ آئندہ تعلیمی سال کے موقع پر سکول اور کالج کھل جائیں اور طلبہ تعلیمی اداروں میں آئیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’اس پروگرام میں تبدیلی اسی صورت میں آسکتی ہے جبکہ کورونا وبا سے متعلق کوئی غیرمعمولی صورتحال پیدا نہ ہوجائے‘۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت کے ترجمان نے کہا کہ ’وزیر تعلیم نے تمام اساتذہ اور منتظمین کے لیے کورونا ویکسین سکیم تیار کرنے کا حکم جاری کردیا ہے‘۔
’وزیر تعلیم کی ہدایت ہے کہ نیا تعلیمی سال شروع ہونے سے قبل وزارت کا سارا عملہ وائرس سے محفوظ ہونے ہوجائے اور سب کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں حاصل کرلیں‘۔
وزارت تعلیم کے ترجمان نے مزید کہا کہ ’اصولی فیصلہ یہی ہے کہ یونیورسٹیوں کے تمام امتحانات آن لائن ہوں گے۔ اس کا امکان اپنی جگہ پر ہے کہ یونیورسٹیاں طلبہ و طالبات کو امتحان کے لیے کالجوں اور فیکلٹیوں میں طلب کریں‘۔
یہ اسی وقت ممکن ہوگا جب یونیورسٹیاں یہ استثنائی فیصلہ جامعات کی علمی مجالس اور کمیٹیوں کی منظوری کے ساتھ کریں اور طلبہ کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے تمام ضروری اقدامات کا انتظام کریں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ’ وزارت تعلیم نے آئندہ ہفتے تمام یونیورسٹیوں کے سربراہوں کا اجلاس طلب کیا ہے۔ اس موقع پر طلبہ کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے امتحانات ہال اور جملہ اداروں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے تمام تدابیر اپنانے کی ہدایت کی جائے گی‘۔