مکہ اور مدینہ ریجن میں بدھ کو گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ بدھ کو مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔( فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے بدھ تین مارچ کو مملکت میں موسمی تبدیلیوں سے متعلق پیشگوئی جاری کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ بدھ کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجنوں اور جنوب مغرب کے کوہستانی علاقوں میں گرد آلود ہواؤں کی وجہ سے حد نظر محدود ہونے کا امکان ہے۔
گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ نجران تک پہنچ جائے گا جبکہ سعودی عرب کے شمالی اور وسطی علاقے بھی اس کی لپیٹ میں ہوں گے۔
قومی مرکز نے بتایا کہ بدھ کو مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ جنوب کے کوہستانی علاقے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، قصیم، حائل اور حدود شمالیہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
قومی مرکز نے بتایا کہ رات کے وقت اور صبح سویرے مشرقی ریجن کے جنوبی علاقوں پر دھند چھائی رہے گی۔
بیان میں قومی مرکز کا کہنا ہے کہ بدھ کو سعودی عرب میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 34 سینٹی گریڈ شرورۃ اور سب سے کم درجہ حرارت 5 سینٹی گریڈ طریف میں ہوگا۔