پاکستان اور سری لنکا کو دہشتگردی کے چیلنج کا سامنا رہا: عمران خان
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سری لنکا اور پاکستان دونوں کو دہشت گردی کا سامنا رہا ہے۔
منگل کو2021 کے پہلے بین الاقوامی دورے کے موقع پر عمران خان نے سری لنکن ہم منصب مہندا راجا پکسے کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے غریب ممالک مشکل میں ہیں ترقی یافتہ ممالک کو ان کا ساتھ دینا چاہیے۔
عمران خان نے اپنے کرکٹ کے دور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سری لنکا کا پہلا دورہ اس وقت کیا تھا جب ان کا کیریئر شروع ہو رہا تھا۔
وزیراعظم نے سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پکسے کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے مہمان نوازی پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان 2021 کے پہلے بین الاقوامی دورے پر سری لنکا پہنچے۔
پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم عمران خان سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجا سے بھی ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان کو دورے کی دعوت سری لنکن وزیراعظم کی جانب سے دی گئی تھی۔
عمران خان سری لنکا کے بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم میں بھی شرکت کریں گے۔
دونوں ممالک کے وزرائے اعظم ایک تقریب کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے جس میں کئی ایم او یوز پر دستخط کیے جائیں گے۔