عسیر میونسپلٹی کے تفتیشی دورے، 415 دکانیں بند
’6800 تفتیشی دوروں میں مجموعی طور پر 1804 مختلف خلاف ورزیاں پکڑی گئی ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
عسیر ریجن میونسپلٹی نے گزشتہ 10 دنوں کے دوران مختلف خلاف ورزیوں پر 415 دکانیں بند کرادی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق عسیر ریجن کے میئر ڈاکٹر ولید الحمیدی نے کہا ہے کہ ’مذکورہ عرصے کے دوران تفتیشی ٹیموں نے 6800 دورے کیے ہیں‘۔
’تفتیشی اہلکاروں نے مجموعی طور پر 1804 مختلف خلاف ورزیاں پکڑی ہیں جن میں سے بیشتر کو جرمانے دینے پر جبکہ بعض تحریری نوٹس دینے پر اکتفا کیا گیا ہے‘۔
’جن 415 دکانوں کو سربمہر کردیا گیا ہے وہاں ایس او پیز کے علاوہ بلدیہ کے ضابطوں کی سنگین خلاف ورزیاں پکڑی گئی ہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’بلدیہ کی تفتیشی ٹیمیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے تعاون سے دورے کر رہی ہیں‘۔
’بلدیہ کے تفتیشی دورے صبح وشام جاری رہیں گے، ہم عسیر ریجن کی تمام مارکیٹوں کو خلاف ورزیوں سے پاک کرنا چاہتے ہیں‘۔
’اس اثنا میں بلدیہ کی صفائی ٹیمیں مختلف پبلک مقامات، اے ٹی ایم آلات، سرکاری دفاتر اور شاپنگ مالز وغیرہ میں سینیٹائزنگ اور صفائی کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں‘۔