Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

’دولت کمانے یا شہرت کے لیے بچوں کا استعمال قابل سزا جرم‘

بعض لوگ بچوں کو سوشل میڈیا پر لا رہے ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی ہیومن رائٹس کمیشن نے کہا ہے کہ دولت کمانے یا شہرت حاصل کرنے کے لیے بچوں کا استعمال سعودی قانون میں قابل سزا جرم ہے۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ہیومن رائٹس کمیشن کی جانب سے کہا گیا کہ کمیشن کے علم میں خلاف ورزیاں اور بچوں کی حق تلفی کرنے والی سرگرمیاں آ رہی ہیں۔
کئی لوگ شہرت حاصل کرنے یا دولت کمانے کے لیے بچوں سے ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ایسے لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی اور ہیومن رائٹس کمیشن ایسے تمام افراد  کا تعاقب کرے گا جو بچوں کے حقوق پامال کررہا ہو۔
اس سلسلے میں  بچوں کے ساتھ رشتہ داری اور تعلق داری کام نہیں آئے گی جو بھی بچوں کے حقوق پامال کرے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی اور کسی بھی عنوان سے اسے استثنیٰ نہیں دیا جائے گا۔  
ہیومن رائٹس کمیشن کا کہنا ہے کہ بعض لوگ بچوں کو سوشل میڈیا پر لا رہے ہیں اور ان کے ساتھ ایسی بات چیت کررہے ہیں جو ان کی عمر کے  لحاظ سے موزوں نہیں۔ یہ بچوں کی ذہنی اور جسمانی صحت  کے حوالے  سے سنگین خلاف ورزی ہے۔
ہیومن رائٹس کمیشن نے مزید کہا کہ نجی زندگی کی پاسداری ہر انسان کا حق ہے اور بچوں کا بھی ہے۔ 
 سعودی قانون کے مطابق جو شخص بھی موبائل وغیرہ کے ذریعے کسی کی نجی زندگی کو زک پہنچائے گا اسے ایک برس تک قید اور پانچ لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا ہوگی۔
دونوں میں سے کوئی ایک سزا بھی ہو سکتی ہے۔
اگر نابالغوں کے ساتھ دھوکہ دہی کا معاملہ سامنے آیا تو ایسی صورت میں قید اور جرمانے کی پچاس فیصد انتہائی سزا ضرور ہوگی۔ 

شیئر: