بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں مسافر بس حادثے میں 14 افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے۔ مرنے والوں میں ایک ہی خاندان کے دس افراد بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق حادثہ حب سے ایک سو بیس کلومیٹر دور آرسی ڈی شاہراہ پر اوتھل کے علاقے ویارا فارم کے مقام پر پیر اور منگل کی درمیانی شب پیش آیا۔
ایس ایچ او اوتھل ملک عبدالجبار نے بتایا کہ پنجگور سے کراچی جانے والی مسافر بس موڑ کاٹتے ہوئے تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی۔
مزید پڑھیں
-
مصر: المناک ٹریفک حادثہ، 12 باراتی ہلاکNode ID: 463341
-
زخمی کو طبی امداد دینے والے ہلال احمر اہلکار کو گاڑی نے کچل دیاNode ID: 493436
-
حادثے کے بعد گاڑی کو جگہ سے نہ ہٹایا جائےNode ID: 498211
الٹنے کی وجہ سے بس تباہ ہوگئی اور مسافر اندر پھنس گئے جنہیں نکالنے کے لیے کرین کی مدد لی گئی۔ حادثے میں زخمی ہونے والے مسافر پنجگور کے رہائشی محمد آصف نے بتایا کہ حادثہ رات دو بجے پیش آیا، انتظامیہ کے اہلکار اور ریسکیو ٹیمیں ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے پہنچیں۔
ایدھی کے مقامی انچارج عبدالحکیم لاسی نے اردونیوز کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ یا موٹروے پولیس کے پاس کوئی کرین موجود نہیں اس لیے نجی طور پر کرین کا بندوبست کرنے میں وقت لگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کرین چھوٹی تھی اور بس کو اٹھا نہیں پا رہی تھی جس کی وجہ سے مسافروں کو نکالنے میں وقت لگا۔
انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں میں پانچ خواتین اور دو بچے بھی شامل ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اوتھل پہنچایا گیا۔ زخمیوں میں چار کی حالت تشویشناک ہے جنہیں مزید علاج کےلیے ٹراما سینٹر کراچی منتقل کردیا گیا۔
عبدالحکیم لاسی کے مطابق مرنے والوں میں دس کا تعلق پنجگور کے ایک ہی خاندان سے تھا۔ باقی چار افراد کا تعلق خضدار اور تربت سے تھا جن کی لاشیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں۔
لسبیلہ میں آرسی ڈی شاہراہ پر دو ہفتوں کے دوران یہ دوسرا حادثہ ہے۔ اس سے پہلے 20 جنوری کو بیلہ کے قریب مسافر بس لیویز چیک پوسٹ سے ٹکراگئی تھی ۔ حادثے میں دو لیویز اہلکاروں سمیت آٹھ افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے۔
