پاکستان کے صوبہ پنجاب میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے فراڈ کا ایک ایسا مقدمہ درج کیا ہے جس میں ایک شہری سے ٹی وی شو میں انعام کا لالچ دے کر تقریبا انعام کے برابر رقم ہتھیا لی گئی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کے رہائشی ملک محمود اعظم کو کچھ افراد نے ان کے موبائل فون پر رابطہ کیا اور بتایا کہ ایک مقبول ٹی وی گیم شو میں ان کا دس لاکھ روپے کا نقد انعام، پانچ تولے سونا اور ایک موٹر سائیکل انعام کے طور پر نکلا ہے۔ بعد ازاں رابطہ کرنے والوں نے ان سے مختلف طریقوں سے آٹھ لاکھ روپے نکلوا لیے۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے محمود نے بتایا کہ ’میں مختلف گیم شوز میں حصہ لیتا رہتا ہوں۔ گزشتہ مہینے مجھے کال آئی کہ میرا انعام نکلا ہے۔ حیرانی مجھے اس لیے بھی نہیں ہوئی کہ مجھے اندازہ تھا کہ میں نے کئی گیم شوز میں حصہ لے رکھا ہے۔‘
مزید پڑھیں
-
سعودی عرب میں لاٹری نکل آئے تو” لاس اینجلس کی پہلی پرواز “Node ID: 416176
-
کروڑوں ڈالر کی لاٹری جیتنے پر خاموشی کیسی؟Node ID: 431381
-
'دیکھتی آنکھوں، سنتے کانوں' کہنے والے طارق عزیز چل بسےNode ID: 485921
’مجھے کال کرنے والے نے بتایا کہ آپ قرعہ اندازی میں پہلے نمبر پرآئے ہیں۔ اس نے بڑے پروفیشنل انداز میں میرے ساتھ بات کی اور طریقہ کار سمجھایا کہ اب کس طریقے سے میں وہ انعام حاصل کر سکتا ہوں۔ اس نے سب سے پہلے مجھ سے سات سو روپے موبائل بینکنگ کے ذریعے مانگے جو میں نے ادا کر دیے۔ اس نے میری ضروی معلومات بھی مجھ سے لیں۔ اس کے بعد یہ ایک سلسلہ چل نکلا۔‘
محمود نے بات جاری رکھتے ہوئے بتایا ’یہ صرف ایک شخص نہیں تھا یہ ایک گروپ تھا جس میں کئی خواتین بھی تھیں۔ کم از کم تین خواتین سے تو میری بات ہوئی۔ وہ کسی نہ کسی طریقے سے کوئی نئی بات سامنے لے آتے کہ جیسے موٹرسائیکل کے کاغذات بنوانے ہیں۔ اس کے لیے پیسے درکار ہیں۔‘
محمود اعظم کے مطابق ’وہ کبھی کہتے کہ انشورنس کروانی ہے سونے کی بھی، موٹرسائیکل کی بھی اور نقدی کی بھی۔ وہ مجھے تصویریں بھی بھیجتے تھے اور ویڈیو کال پر بھی بات کرتے تھے۔ اس کے ساتھ اہم بات یہ تھی کہ وہ اپنے بینک اکاؤنٹس دے رہے تھے جن میں، میں پیسے بھیجتا تھا۔ تو مجھے یہ لگتا تھا کہ یہ سب حقیقی ہے کوئی عارضی بینک اکاونٹ تو نہیں کھلوا سکتا اور جس کا بینک اکاونٹ ہے وہ بھاگ بھی نہیں سکتا۔‘
