ایران نیوکلیئر ڈیل کی پاسداری کرے، فرانسیسی وزیر خارجہ
امریکہ کے نامزد وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے بھی کہا ہے کہ ایران کو نیوکلیئر ہتھیار بنانے کی صلاحیت حاصل کرنے سے روکنے کیلئے فوری کام کرنا ہو گا۔ (فوٹو اے ایف پی)
فرانسیسی وزیر خارجہ نے جمعرات کو ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عالمی نیوکلیئر ڈیل کے تحت اپنے وعدوں کی پاسداری کرے۔
عرب نیوز کے مطابق ژاں یوس لی ڈریان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یورپی طاقتیں اس بات کا انتظار کر رہی ہیں کہ نئے امریکی صدر جو بائیڈن 2015 کے جوائنٹ کمپریہنشن پلان آف ایکشن (جے سی پی او)، جسے ڈونلڈ ٹرمپ نے چھوڑ دیا تھا، کے حوالے سے کیا اقدامات اٹھائیں گے۔
یورپ اس معاہدے کو بچانا چاہتا ہے لیکن خلیج عرب اور مغرب میں کئی ممالک کا کہنا ہے کہ یہ ایران کو بغیر کسی روک ٹوک کے خطے میں اپنی جارحانہ خارجہ پالیسی جاری رکھنے کے لیے بااختیار بنائے گا۔
فرانسیسی وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ، شیخ عبداللہ بن زید سے پیرس میں ملاقات کے دوران ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ڈیل کی خلاف ورزیاں ختم کرے، جس میں یورنیئم کی مطلوبہ حد سے زیادہ افزودگی بھی شامل ہے۔
فرانسیسی وزارت خارجہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ’ایران علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے اور نیوکلیئر ہتھیاروں کے پھیلاؤ کے سنگین بحران سے بچنے کے لیے فوری طور پر جے سی پی او کے تحت اپنے وعدوں کو پورا کرے۔‘
بائیڈن کے نامزد وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے بھی منگل کو کہا تھا کہ ایران کو نیوکلیئر ہتھیار بنانے کی صلاحیت حاصل کرنے سے روکنے کے لیے امریکہ کو فوری طور پر کام کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’مستقبل میں دوبارہ طے پانے والا معاہدہ تہران کے میزائل پروگرام اور مشرق وسطی میں غیر مستحکم سرگرمیوں کا احاطہ کر سکتا ہے۔ ان دونوں چیزوں پر خلیجی ممالک کے خاص طور پر تحفظات ہیں۔‘
ملاقات کے دوران لی ڈریان اور شیخ عبداللہ نے لیبیا میں تنازعہ کے خاتمے کے لیے مصر میں جاری مذاکرات کا جائزہ لیا۔
اس کے علاوہ دونوں نے کورونا وبا اور ویکسین کی عالمی سطح پر دستیابی کے حوالے سے بھی بات کی۔
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں