اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن نے ایک لاکھ روپے یا اس سے کم آمدن والے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بچوں، بیوی یا خاوند کے لیے تعلیمی سکالرشپ کا اعلان کر دیا ہے۔
سکالرشپ حاصل کرنے کے خواہش مند طلبا و طالبات 15 فروری 2021 سے قبل او پی ایف ہیڈ کوارٹر یا علاقاتی دفاتر میں درخواست فارم جمع کراسکتے ہیں۔
او پی ایف حکام کے مطابق ’ایف اے، ایف ایس، گریجویشن، ماسٹر، ایم فل، ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس اور انجینیئرنگ کے طلبا وطالبات جن کے والدین، خاوند یا بیوی او پی ایف کے ممبر ہیں وہ اس سکالر شپ سے مستفید ہوسکتے ہیں۔ بچے کو سکالرشپ ملنے کی صورت میں والدین کو سکالرشپ نہیں دی جائے گی۔‘
مزید پڑھیں
-
اوورسیز پاکستانیز یوتھ کونسل قائم، درخواستیں طلبNode ID: 410946
-
اوورسیز پاکستانیوں کے پاسپورٹ، کارڈ کا اجرا ایک چھت تلےNode ID: 502941
-
بیرون ملک ملازمت: اب بینک اکاؤنٹ کھولنا لازمی ہوگاNode ID: 504801
بیرون ملک وفات پانے والے کسی ورکر کی وفات کو تین سال سے کم عرصہ ہوا ہے تو اس کے بچے بھی سکالرشپ کے اہل ہیں۔
تمام امیدواروں کے لیے سکالرشپ حاصل کرنے کے لیے سابق ڈگری میں کم از کم 60 فیصد نمبر یا پھر دو اعشاریہ پانچ جی پی اے ہونا لازمی ہے۔
سکالرشپ کے تحت گھر سے سکول کالج یا یونیورسٹی جانے والوں کی نسبت ہاسٹل میں رہائش پذیر طلبا و طالبات کو تقریبا دوگنی رقم دی جائے گی۔
ایف اے، ایف ایس سی کے طلبہ کے لیے پندرہ سو اور تین ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے۔ بی اے، بی ایس سی کے لیے دو ہزار 500 اور چار ہزار جبکہ پیشہ ورانہ ڈگری حاصل کرنے والوں کو تین ہزار اور چار ہزار 500 روپے دیے جائیں گے۔

ماسٹرز اور ایم ایس سطح کے طلبا کو تین ہزار سے پانچ ہزار روپے دیے جائیں گے۔
ماسٹرز لیول کے طلبہ کو داخلہ فیس، ٹیوشن فیس، امتحانی فیس، لیب فیس اور تھیسز وغیرہ کی فیس بھی ادا کی جائے گی۔
طلبا و طالبات کسی بھی تعلیمی پروگرام کے درمیان ہوں تو بھی وہ سکالرشپ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
