خامنہ ای کی کورونا کی ویکسین پر تنقید ٹوئٹر سے ڈیلیٹ
خامنہ ای نے کہا ہے کہ فرانسیسی ویکسین بھی قابل اعتماد نہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
ٹوئٹر نے ایران کے رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای کے ایک ٹویٹ کو ہٹا دیا ہے جس میں امریکہ اور برطانیہ کی کورونا ویکیسن ویکسین پر سوال اٹھایا گیا تھا۔
عرب نیوز کے مطابق اس ٹویٹ کے ہٹائے جانے سے قبل ان دونوں ممالک سے ویکسین کی ایران میں درآمد پر پابندی لگائی گئی تھی اور خامنہ ای نے کہا تھا کہ یہ 'مکمل طور پر ناقابل اعتماد ہیں'۔
ایک تقریر میں جو ٹوئٹر پر بھی پوسٹ کی گئی تھی، انہوں نے کہا تھا، 'امریکہ اور برطانیہ کی ویکسین کی دارآمد ممنوع ہے۔۔۔ اس کا امکان ہے کہ یہ دوسرے ممالک کو آلودہ کرنا چاہیں گے۔'
انہوں نے یہ بھی کہا 'فرانس سے ایچ آئی وی سے متاثرہ خون کی سپلائی کے ہمارے تجربے کے پیش نظر، فرانسیسی ویکسین بھی قابل اعتماد نہیں۔'
اس کے بعد سے خامنہ ای کے عربی اور انگریزی کے ٹوئٹر اکاؤنٹس سے ٹویٹ ہٹا دی گئی تھی، لیکن ان کے فارسی کے اکاؤنٹ پر اب بھی ہے۔
ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ اس ٹویٹ سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے قوانین کی خلاف ورزی ہوئی۔