انڈیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ نئے کیسز گذشتہ تین ماہ کے دوران سب سے کم شرح پر آگئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 25 ہزار 152 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے قبل ستمبر کے دوران یہ تعداد ایک لاکھ تک پہنچ گئی تھی۔
انڈیا میں کورونا کیسز کی تعداد اس کی مجموعی آبادی ایک ارب 30 کروڑ کا ایک فیصد بنتی ہے جو کہ امریکہ کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی دوسری بڑی تعداد ہے۔
مزید پڑھیں
-
کیا کورونا انڈیا میں شادیوں کے انداز کو تبدیل کر رہا ہے؟Node ID: 524961
انڈین وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے مزید 347 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس طرح انڈیا میں وبا سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 45 ہزار 136 ہوگئی ہے۔
انڈیا کا شمار ویکسین بنانے والے بڑے ممالک میں ہوتا ہے اور اس وقت ملک میں پانچ کمپنیاں ویکسین کے مختلف ٹرائلز کر رہی ہیں۔
انڈیا کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں امریکہ کے بعد دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق انڈیا میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ چار ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
انڈیا آئندہ برس جولائی تک 25 کروڑ افراد کو کورونا ویکیسن فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
‘حکومت کورونا ویکیسن کی 45 سے 50 کروڑ خوارکیں حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔‘
