شاہ سلمان نے قرآن مجید مسابقہ کی منظوری دے دی
’مسابقہ میں مجموعی طور پر 32 لاکھ 34 ہزار ریال کے انعامات دیئے جائیں گے‘ ( فوٹو: واس)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے حفظ و تلاوت قرآن مجید مسابقہ کی منظوری دیدی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق کنگ سلمان مسابقہ برائے حفظ و تلاوت و تفسیر قرآن مجید میں طلبہ و طالبات شریک ہوں گے۔
یہ وزارت اسلامی امور، دعوت و ارشاد کے تحت رمضان المبارک کے دوران منعقد ہوگا۔
مسابقہ میں مجموعی طور پر 32 لاکھ 34 ہزار ریال کے انعامات دیئے جائیں گے۔
دریں اثنا وزیر اسلامی امور، دعوت و ارشاد شیخ ڈاکٹر عبد اللطیف آل الشیخ نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’سعودی قیادت نے ہمیشہ قرآن مجید کے حفظ و تلاوت تفسیر اور اس کے علوم کی ترویج و اشاعت کو اپنی اولین ترجیح بنائے رکھا ہے‘۔
’قرآن مجید کا مسابقہ گزشتہ 20 سال سے جاری ہے جس میں وطن عزیز کے نوجوانوں میں کتاب اللہ سے محبت پیدا کی جاتی ہے‘۔
واضح رہے کہ مسابقہ میں 7 متواتر قرائتوں کا بھی مقابلہ ہوگا جس میں اول آنے والے کو دو لاکھ ریال انعام دیا جائے گا، دوسرے کو ایک لاکھ 85 ہزار ریال جبکہ تیسری پوزیشن لینے والے ایک لاکھ 70 ہزارریال نقد انعام دیا جائے گا۔