درختوں کی کٹائی کے خلاف حکومت کی جانب سے کی گئی خصوصی کارروائی (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں درختوں کی کٹائی کے خلاف حکومت کی جانب سے شروع کی گئی خصوصی معائنہ مہم کے دوران سعودی حکام نے ریاض، مدینہ منورہ، تبوک، الجوف اور حائل سے گزشتہ ہفتے کے دوران 150 ٹن لکڑی ضبط کر لی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارتِ ماحولیات، پانی اور زراعت نے ماحولیاتی تحفظ کی خصوصی فورس’ایس ایف ای ایس‘ اور ریاض میں شاہراہوں کے تحفظ کی خصوصی فورس کے تعاون سے درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف مشترکہ مہم جاری رکھی ہوئی ہے۔
وزارت ماحولیات کے نگرانوں نے لکڑی کی منڈیوں اور گوداموں کا دورہ کیا ۔(فوٹو عرب نیوز)
ریاض میں قائم وزارت کی شاخ میں جنگلات اور زرعی اہمیت کی اراضی کے نگرانوں نے معائنہ مہم کے دوران ایک ویئرہاؤس سے 40 ٹن لکڑی ضبط کی۔
تبوک میں وزارت ماحولیات کے نگرانوں نے معائنے کے لئے لکڑی کی منڈیوں اور گوداموں کا دورہ کیا ۔ ’آئیے اسے سبز بنائیں‘ کے زیرعنوان اس دورے میں جنگلات سے غیر قانونی طریقے سے کاٹی گئی 90 ٹن لکڑی ضبط کی گئی۔
ریاض، مدینہ منورہ، تبوک، الجوف اور حائل میں ’’ایس ایف ای ایس‘‘ کے چھاپے(فوٹو عرب نیوز)
الجوف میں سکیورٹی اداروں کے تعاون سے کیے جانے والے معائنے کے دوران جلانے والی لکڑی قبضے میں لی گئی ہے۔
مدینہ منورہ میں لکڑی فروخت کرنے والی مارکیٹوں میں بھی معائنے کے لئے دورہ کیا گیا جہاں مختلف گاڑیوں کے ذریعے لے جائی جانے والی مقامی لکڑی قبضے میں لے لی گئی اور اس کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف جنگلات اور زرعی زمین کے تحفظ سے متعلق قوانین و ضوابط کے تحت اقدامات کئے گئے ہیں۔