تبوک، حائل اور شمالی علاقوں میں پارہ 5 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے (فوٹو، واس)
سعودی محکمہ موسمیات و ماحولیات نے خبردار کیا ہے کہ مملکت میں سرد ی کی لہر کا امکان ہے۔ بعض علاقوں میں درجہ حرارت پانچ ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جائے گا۔
ویب نیوز ’سبق‘ نے محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری چارٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ سعودی عرب میں بھی موسم سرما کا آغاز ہو چکا ہے۔
اتوار 22 نومبر کو تبوک، الجوف، شمالی حدود، حائل اور مددینہ کے شمالی علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت پانچ سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
مختلف شہروں میں بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی (فوٹو، واس)
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ قصیم، ریاض اور مشرقی ریجن میں بھی سردی کی لہر کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے جس کے مطابق پارہ 10 سے 13 ڈگری تک پہنچے گا۔
سردی کی لہر کے حوالے سے محکمہ کا کہنا ہے کہ تبوک اور شمالی علاقو ں میں رہنے والے تبدیل ہوتے ہوئے موسم کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ گرم ملبوسات کا خصوصی اہتمام کریں تاکہ یخ بستہ ہواوں سے متاثر نہ ہوں۔
واضح رہے ہفتہ 21 نومبر سے مملکت کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے جس کے بعد جدہ سمیت دیگر ساحلی شہرو ں میں بھی موسم میں خوشگوار تبدیلی آ ئی ہے۔
ساحلی شہروں میں عام طور پر سردی کی اتنی شدت نہیں ہوتی تاہم مملکت کے شمالی اور جنوبی علاقوں میں موسم سرما میں ہونے والی برف باری کی وجہ سے سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہو جاتا ہے۔