سعودی حکام کی جانب سے غیر ملکیوں پر عمرہ کی ادائیگی پر جزوی پابندیاں ہٹائے جانے کے بعد پاکستان سے ٹور آپریٹرز نے عمرہ کی بکنگ کا آغاز کر دیا ہے۔
پاکستان میں حج و عمرہ ٹور آپریٹر تحسین ٹریولرز نے اردو نیوز کو بتایا کہ پاکستانی ٹور آپریٹرز کے سعودی حکام سے عمرہ کی ادائیگی کے معاہدے طے پا گئے ہیں جس کے بعد پاکستان سے بکنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے محدود پیمانے پر مقامی عمرہ زائرین کو اجازت دینے کے کامیاب تجربے کے بعد غیر ملکی عمرہ زائرین کو یکم نومبر سے آنے کی اجازت دے دی تھی، تاہم پاکستان میں عمرہ ٹور آپریٹرز اور سعودی حکام کے درمیان معاہدہ طے نہ پانے کی وجہ سے عمرہ کی بکنگ کا آغاز نہیں ہوسکا تھا۔
مزید پڑھیں
-
بیرون ملک سےعمرہ زائرین کی پہلی مرتبہ روضہ اطہر پرحاضریNode ID: 516651
-
پی آئی اے کا عمرہ پالیسی 2020 کا اعلانNode ID: 516751
عمرہ ٹور آپریٹر تحسین ٹریولرز کے راجا وقاص نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی حکام نے مختلف ٹور آپریٹرز کے لائسنسز کی تجدید کر دی ہے جس کے بعد عمرے کے پانچ ہزار ویزے جاری کیے گئے ہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’20 سے 25 افراد پر مشتمل گروپ کی شکل میں پاکستان سے عمرہ زائرین 22 نومبر کو روانہ ہوں گے، کورونا کی وبا کی وجہ سے ایس او پیز کے تحت عمرہ کی اجازت دی گئی ہے اس لیے محدود ویزے ہی جاری کیے گئے ہیں۔‘
عمرہ و حج ٹور آپریٹر الرحمان گروپ آف ٹریولرز کے مطابق عمرہ زائرین کے لیے ایس او پیز کے باعث اخراجات میں بھی اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 'بڑی تعداد میں عمرہ کے خواہش مند افراد رابطے کر رہے ہیں لیکن کورونا ایس او پیز کی وجہ سے اخراجات بڑھ گئے ہیں جس کے باعث زائرین کی تعداد آغاز میں کم ہے، فائیو سٹار ہوٹلز میں بکنگ کی اجازت دی گئی ہے جس سے اخراجات اضافہ ہوا ہے۔‘
’ابتدائی طور پر دس دن کا عمرہ پیکج 2 لاکھ 12 ہزار روپے جبکہ 14 روز کا پیکج 2 لاکھ 25 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔‘

راجا وقاص نے بتایا کہ ’عمرہ کے لیے طے کیے گئے ایس او پیز کے تحت زائرین پر کورونا ٹیسٹ کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مملکت پہنچنے پر تین روز تک قرنطینہ میں رہنے کی بھی شرط عائد کی گئی ہے جبکہ بسوں میں بھی سماجی فاصلے کو اپنانے کی شرط عائد ہے۔اس لیے اخراجات میں اضافہ ہوا ہے۔‘
الرحمان گروپ آف ٹریولرز کے مطابق ’عمرہ زائرین کے لیے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ سعودی عرب پہنچتے ہی تین دن قرنطینہ میں بھی گزارنا ہوں گے جو کہ پیکج میں ہی شامل ہوگا۔‘
’اس کے علاوہ زائرین کو زیارت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، صرف ایک بار ہی ریاض الجنہ اور سلام پیش کرنے کی اجازت ہوگی۔‘
انہوں نے کہا کہ ایک کمرے میں صرف دو زائرین رہ سکیں گے جبکہ تھری اور فائیو سٹار ہوٹلز میں بکنگ کروانا لازمی ہے۔
