’اجتماعی تقریبات میں 50 افراد کی پابندی برقرار ہے‘
’اجتماعی تقریبات میں 50 افراد کی پابندی برقرار ہے‘
اتوار 15 نومبر 2020 18:40
پچاس افراد کی پابندی سوچ سمجھ کرلگائی گئی ہے۔( فوٹو سبق)
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ اجتماعی تقریبات اور پروگراموں میں شرکت کرنے والوں کی انتہائی حد 50 افراد مقرر ہے اور یہ پابندی سوچ سمجھ کرلگائی گئی ہے۔
اخبار 24 مطابق اتوار کو پریس کانفرنس میں ترجمان نے کہا کہ 'سعودی ریسرچ اینڈ سٹڈی سینٹر اور صحت امور کے اداروں کی سفارشات پر ہی یہ حد مقرر کی گئی ہے۔'
ترجمان نے بتایا کہ 'امراض سے بچاؤ کے لیے قائم امریکی مرکز نےاگست میں بتایا تھا کہ امریکہ کی ایک ریاست میں شادی کی تقریب میں 55 افراد شریک ہوئے تھے۔ اس میں سے ایک کورونا کا مریض تھا۔ اس کی وجہ سے دیگر شرکائے تقریب وائرس کی زد میں آگئے۔'
ترجمان نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
ترجمان نے بتایا کہ 'متاثرین نے لاعلمی میں اپنے اہل خانہ میں وائرس منتقل کردیا جس سے یہ تعداد 167 تک پہنچ گئی۔ ان میں سے سات ایسے افراد کی موت واقع ہوگئی جو تقریب میں شریک ہی نہیں تھے۔'
ترجمان نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں تاکہ سماجی تقریبات خوشی کے بجائے ماتم میں تبدیل نہ ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'اجتماعات میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ 50 افراد کی شرکت کی اجازت ہے اور جب تک صورتحال مکمل تسلی بخش نہں ہوگی یہ پابندی جاری رہے گی۔'