Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
منگل ، 09 ستمبر ، 2025 | Tuesday , September   09, 2025
منگل ، 09 ستمبر ، 2025 | Tuesday , September   09, 2025

عمرہ زائرین کو ویزے کب جاری ہوں گے؟

تیسرے مرحلے سے قبل ویزے کا طریقہ کار جاری کیا جائے گا (فوٹو: ایس پی اے) 
سعودی عرب کے نائب وزیر حج عبدالفتاح المشاط نے بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے ویزے کے اجرا کے طریقہ کار کی وضاحت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ محدود عمرہ پروگرام کے تیسرے مرحلے سے قبل وزارت صحت کے ساتھ  تعاون سے بیرون مملکت سے آنے والوں کے لیے عمرہ ویزے کا طریقہ کار جاری کیا جائے گا۔ 
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت صحت کے تعاون سے ہی ان ملکوں کی فہرست ترتیب دی جائے گی جہاں کے شہریوں کے لیے عمرہ ویزے جاری ہوں گے۔ عمرہ زائرین کی تعداد کا تعین بھی وزارت صحت سے مل کر کیا جائے گا۔
نائب وزیر حج کا کہنا تھا کہ عمرہ ویزے کا سارا کام ’اعتمرنا‘ ایپ کے ذریعے ہوگا۔ اعتمرنا ایپ کا دائرہ عمرہ اجازت ناموں کے اجرا تک محدود نہیں رہے گا بلکہ مستقبل میں اس ایپ کے ذریعے ہی مکہ اور مدینہ میں ہوٹل سروس سمیت جملہ خدمات کا تعین کیا جائے گا۔ 
نائب وزیر حج نے بتایا کہ اب تک اعتمرنا ایپ کے  ذریعے عمرہ و زیارت کے ایک لاکھ 84 ہزار اجازت نامے جاری ہوچکے ہیں۔ وقت کے ساتھ مرحلہ وار عمرہ زائرین کی تعداد میں اضافہ ہوتا چلا جائے گا۔ 
یاد رہے کہ سعودی عرب میں کورونا کی وبا کے باعث عمرے کی عارضی معطلی کے سات ماہ بعد مسجد الحرام میں عمرے کی ادائیگی کا آغاز کیا گیا ہے۔

شیئر: