بیرون ملک علاج، اجازت نامے کےلیے شرائط کیا ہیں؟
سعودی وزارت صحت نے بیرون ملک علاج کے لیے اجازت نامے کا طریقہ کارجاری کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت صحت نے کہا ہے کہ بیرون ملک اپنے خرچ پرعلاج کا اجازت نامہ شرائط کے ساتھ جاری کیا جائے گا۔
وزارت صحت نے بیان میں کہا کہ طب کے شعبے میں ترقی یافتہ ملک کے سپیشلسٹ سینٹر یا ہسپتال سے علاج کا خط پیش کرنا ہوگا۔
مرض ایسا ہو جس کا علاج اندرون ملک مہیا نہ ہو اور بیرون مملکت ہی اس کا علاج کرایا جاسکتا ہو۔ اس حوالے سے وزارت صحت کی مصدقہ میڈیکل رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔
بیرون ملک علاج کا امیدوار کسی ایسے مرض میں مبتلا ہو جس کی بابت ہائی میڈیکل اتھارٹی مملکت کے باہرعلاج کی سفارش کرتی ہو۔
حکومت کے خرچ پر بیرون ملک علاج کی اجازت بھی شرائط پوری کرنے پر دی جائے گی۔
ان میں پہلی شرط یہ ہے کہ شاہی فرمان جاری ہوا ہو یا ہائی میڈیکل اتھارٹی بیرون ملک علاج کا فیصلہ جاری کرے۔
شرائط کے مطابق بیرون ملک علاج کی منظوری جن لوگوں کو حاصل ہوگی ان کے ہمراہ زیادہ سے زیادہ دو افراد سفر کرسکیں گے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ بیرون ملک علاج کے لیے اجازت ناموں کی درخواستیں آن لائن وصول کی جائیں گی۔ پہلے ان پر وزارت صحت غورکرے گی ۔ شرائط پوری ہونے پر انہیں آن لائن ہی محکمہ پاسپورٹ ضروری کارروائی کے لیے بھیج دیا جائے گا۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں