یوم الوطنی: پاکستانی قیادت کی سعودی عرب کو مبارکباد
سعودی عرب میں 90 ویں یوم الوطنی شان و شوکت اور جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے (فوٹو:عرب نیوز)
سعودی عرب کے 90 ویں یوم الوطنی کے موقع پر پاکستان کی سیاسی قیادت کی جانب سے برادر اسلامی ملک کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔
پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کو مبارکباد دی۔ اپنے پیغام میں صدر عارف علوی نے شاہ سلمان کی اچھی صحت اور برادر اسلامی ملک کے عوام کی خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنے پیغام میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹرعبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ کو اپنے ایک پیغام میں سعودی عرب کی ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔