Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
منگل ، 10 جون ، 2025 | Tuesday , June   10, 2025
منگل ، 10 جون ، 2025 | Tuesday , June   10, 2025

سال نو پر لندن میں ہونے والا آتش بازی کا مظاہرہ منسوخ

برطانوی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ کورونا کی روک تھام کے لیے پورے ملک میں لاک ڈاؤن کا دوبارہ نفاز کیا جاسکتا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
رواں سال لندن میں نئے سال کی آمد پر ہونے والا آتش بازی کا مظاہرہ  کورونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا ہے۔
لندن کے میئر صادق خان نے تصدیق کی ہے کہ لندن اسمبلی کے اراکین نے نئے سال کی آمد پر ہونے والے روایتی آتش بازی کے مظاہرے کو منسوخ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سال یہ مظاہرہ کورونا کیسز کی وجہ سے نہیں ہوگا۔

 

برطانوی میڈیا کے مطابق میئر نے بتایا کہ  جمعے کو ہونے والے سیشن کے دوران اسمبلی نے کورونا کی وجہ سے بجٹ کٹوتیوں کی منظوری دے دی۔  
ان کا کہنا تھا کہ بجٹ کٹوتی کا مطلب ہے کہ 1999  سے مسلسل منعقد ہونے والے روایتی آتش بازی کا مظاہرہ بھی رواں سال نہیں ہوگا۔
رواں سال اگست میں آتش بازی کے لیے 1.2 ملین پاؤنڈ مختص کیے گئے تھے تاہم یہ سال 2020-21  کی 20.1  ملین پاؤنڈ مالیت کی بچت مہم میں آ گئے۔
صادق خان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے ابھی فیصلہ نہیں کیا کہ ہم آتش بازی کے بجائے کیا کریں گے۔‘
’یہ لندن کے تشخص کے لیے اہم ہے کہ کچھ کیا جائے۔‘
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دوسری جانب برطانوی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ کورونا کی روک تھام کے لیے پورے ملک میں لاک ڈاؤن کا دوبارہ نفاذ کیا جاسکتا ہے۔
برطانیہ کے سیکرٹری صحت میٹ ہنکاک کا کہنا ہے کہ ہم دوبارہ لاک ڈاؤن سے بچنا چاہتے ہیں لیکن اگر ضرورت پڑی تو نافذ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ہنکاک نے بتایا کہ ’افسوس کی بات ہے کہ ہم  دیکھ رہے ہیں کہ ہر آٹھ دنوں کے بعد ہسپتالوں میں داخل مریضوں کی تعداد دگنی ہو رہی ہے اس لیے ہمیں کچھ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔‘

شیئر: